بنگلورو،6؍مارچ (ایس او نیوز) بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) ٹیکس اینڈ فائنانس اسٹانڈنگ کمیٹی کے چیرمین ایم۔ گناشیکھر نے کہاکہ بی بی ایم پی حدود میں کندایا سمیت دیگر ٹیکس کی وصولی کے دوران ہورہی بے قاعدگیوں کو دورکرنے کے مقصد سے تبادلہ خیال کے لئے بی بی ایم پی کی تاریخ میں ہی پہلی مرتبہ جاریہ ماہ 13؍مارچ کو خصوصی کونسل اجلاس طلب کیاگیا ہے۔ ملیشورم کے آئی پی پی سنٹر میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لئے اٹھائے جانے والے اہم اقدامات کے متعلق بھی خصوصی اجلاس کے وران تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تمام کارپوریٹران سے مشورہ اور تجاویز بھی حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بی بی ایم پی بجٹ کے لئے مقامی اداروں ،تنظیموں سے مشورے اور تجاویز پہلے ہی حاصل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن کے ذریعہ بھی کئی تجاویز حاصل ہوچکے ہیں۔ ان تمام تجاویز اورمشوروں کو سنجیدگی سے لے کر تمام تجاویزو اور مشوروں کا گہرائی سے مطالعہ کرکے عوام پسند بجٹ پیش کرنے کی ہرممکنہ کوشش کریں گے۔ مسٹر گناشیکھر نے بتایا کہ شہر میں ڈی۔ سی کنورشن کے لئے ایسے کھاتا جاری کرنے کی متعلق ایک ہفتہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے تمام شمشان گھاٹوں کی ترقی کے لئے اس مرتبہ بی بی ایم پی بجٹ میں فنڈ مختص کیا جائے گا۔